ایران میں بازیاب ہونے والے بچے پاکستانی نہیں افغانی ہیں، ایرانی حکام


ایران میں بازیاب ہونے والے بچے پاکستانی نہیں افغانی ہیں، ایرانی حکام

ایران میں پاکستانی بچوں کے اغوا کا معاملہ کچھ اور ہی نکلا، ایرانی حکام نے کہا ہے کہ یہاں کوئی پاکستانی بچہ اغوا نہیں ہوا بلکہ افغانی بچے غیر قانونی طور پر ایران لائے جارہے تھے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،ایران میں مبینہ طور پر پاکستانی بچوں کے اغوا ہونے کی خبر غلط ثابت ہوئی، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تمام بچے افغانی ہیں اور انہیں اغوا نہیں کیا گیا بلکہ غیرقانونی طور پر ایران میں داخل ہونے پرحراست میں لیا گیا ہے۔

ایرانی حکومت نے پاکستانی حکام کو حقائق سے آگاہی دینے کے لیے خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ماہی روڈ کسٹم پوائنٹ پر پکڑے جانے والے تمام بچے افغانی ہیں جب کہ انہیں ایران کے برجند کیمپ میں رکھا گیا ہے اور بچوں کو جلد براستہ دوگارون بارڈر ایران سے افغانستان بھیج دیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خط میں مزید بتایا گیا ہے کہ بچوں کو ٹینکر کے ذریعے ایران لایا جارہا تھا جب کہ ڈرائیور بھی بچوں کا رشتہ دار تھا اور اس کے پاس ایران کا ویزا موجود تھا، ڈرائیور اپنے خاندان کے بچے غیر قانونی طریقے سے ایران لانا چاہتا تھا تاہم ماہی روڈ کسٹم پوائنٹ پر چیکنگ کے دوران ٹینکر سے بچوں کو بازیاب کرالیا گیا اور تمام افراد میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں تھا۔

واضح رہے کہ شوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش میں ہے جس میں ایک ٹینکر سے چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کو نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری