موبائل فون کو قریب رکھ کرسونے سے اجتناب کریں


موبائل فون کو قریب رکھ کرسونے سے اجتناب کریں

موبائل فون کا طویل دورانیے کے لیے استعمال مخصوص نوعیت کے سرطان اور صحت پر دیگر منفی اثرات مرتب کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔

دِن بَھر کئی کئی گھنٹے موبائل فون استعمال کرنا، اب ایک عادت بن چُکی ہے اور چاہتے ہوئے بھی اس سے چھٹکارا پانا ناممکن نظر آتا ہے۔

بلاشبہ فون کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں، لیکن اس کے کئی ایسے مضر اثرات ہیں، جو دورانِ استعمال ہی نہیں، بلکہ اس کے صرف ہماری رینج ہی میں ہونے کے سبب، صحت پر مرتّب ہوسکتے ہیں۔

 حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے بعد طبّی ماہرین نے موبائل فون صارفین کو خبردار کیا ہے کہ سونے سے قبل اپنا موبائل فون خود سے فاصلے پر رکھیں، کیوں کہ خاص طور پر یہ اسمارٹ فونز، معلومات کے تبادلے کےلیے کم فریکوئینسی والے ریڈیو سگنلز استعمال کرتے ہیں، خصوصاً اُس وقت، جب موبائل فون صارف اسٹریمنگ یا بڑی فائل ڈاؤن لوڈ کررہا ہو،ایسے میں اس سےجو شعائیں خارج ہوتی ہیں، وہ سرطان، بانجھ پَن اور ذہنی امراض کا باعث بن سکتی ہیں، خاص طور پر کم عُمر بچّوں پر اس کے مضر اثرات بڑوں کی نسبت دو گنا زائد مرتّب ہوتے ہیں۔

ماہرینِ صحت نے اس کے مضر اثرات سے محفوط رہنے کے لیے مشورہ دیا ہے کہ سونے سے ایک گھنٹے قبل موبائل فون کا استعمال ترک کردیا جائے اور خاص طور پر سوتے وقت اسے کم سے کم3سے4فٹ کے فاصلے پر رکھ کر سویا جائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانا کھاتے ہوئے بھی فون استعمال کرنے سے گریز کیا جائے کہ اس سے دماغی صحت متاثر ہوتی ہے اور ذہنی کم زوری کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

اگر آپ بھی موبائل فون اپنے سرہانےرکھتے ہیں یا پھر کھانا کھاتے ہوئے بھی اس کا استعمال جاری رکھتے ہیں، تو فوراً سے پیش تر اپنی اس عادت کو ترک کردیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری