وزیراعظم کے6غیر ملکی دوروں پر4کروڑروپے خرچ ہوئے


وزیراعظم کے6غیر ملکی دوروں پر4کروڑروپے خرچ ہوئے

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے 6 غیر ملکی دوروں پر 4کروڑ 3 لاکھ 81 ہزار خرچ آیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزارت خارجہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے سرکاری خرچ پر برطانیہ میں علاج اور وزیراعظم عمران خان کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کی تفصیل تحریری صورت میں قومی اسمبلی میں پیش کردی۔

اسمبلی میں پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق نواز شریف کے علاج کے لیے برطانیہ قیام کے دوران 3 لاکھ 27 ہزار 927 ڈالر جبکہ وی وی آئی پی فلائٹ پر 3 کروڑ 45 لاکھ 27 ہزار 268 روپے خرچ ہوئے۔

وزارت خارجہ کے مطابق نواز شریف نے 22 مئی 2016 کو ایک خصوصی طیارے سے سفر کیا، ان کے طبی علاج کے باعث دورہ برطانیہ طویل ہو گیا، خصوصی طیارہ 29 مئی 2016 کو پاکستان واپس آیا جبکہ 9 جولائی 2016 کو ایک خصوصی طیارہ دوبارہ لندن گیا جس کے ذریعے وہ لندن سے پاکستان آئے۔

وزارت خارجہ نے وزیرا عظم عمران خان کے بیرون ممالک دوروں کی تفصیل بھی قومی اسمبلی میں پیش کی، جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے 6 غیر ملکی دورے کئے جن پہ 4 کروڑ 3 لاکھ 81 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

وزیر اعظم نے ابو ظہبی کے 2، سعودی عرب کے 2 جبکہ چین اور ملائیشیا کا ایک ایک دورہ کیا، سب سے زیادہ اخراجات چین کے دورے پہ آئے جو 2 کروڑ 44 لاکھ 44 ہزار روپے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری