مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا: صادق سنجرانی


مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا: صادق سنجرانی

قائم مقام صدر صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، مسئلہ کشمیر یو این کے قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، عالمی اداروں نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عیاں کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات میں کہی، اس دوران انسانی حقوق کے عالمی دن پر مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

قائم مقام صدر کا مزید کہنا تھا کہ سفارتی، سیاسی اور اخلاقی سطح پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دوسری جانب صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کی انتہا کر رکھی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود نے کشمیر سے متعلق منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرتار پور بارڈر یکطرفہ طور پر کھولا گیا، بھارتی حکومت نے اس فیصلے کا خیر مقدم نہیں کیا، سکھوں اور پاکستان نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کشمیر کی تقسیم کے حق میں نہیں، اس قسم کے اقدامات سے بھارت فائدہ اٹھائے گا، گلگت کو حقوق دیں لیکن خیال رکھیں مسئلہ کشمیر کو نقصان نہ پہنچے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری