امریکا پاکستان کو اقلیتوں کے تحفظ کا درس نہ دے، وزارت خارجہ


امریکا پاکستان کو اقلیتوں کے تحفظ کا درس نہ دے، وزارت خارجہ

وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا کا مذہبی آزادیوں کی رپورٹ سے متعلق بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان کو کسی ملک سے اقلیتوں کے تحفظ کا درس دیئے جانے کی ضرورت نہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امریکا کو اپنے ملک میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کی وجوہات تلاش کرنے کی ضرورت ہے، انسانی حقوق کے عالمی علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیرمیں خلاف ورزیاں نظرنہیں آرہیں، پاکستان کو کسی ملک سے اقلیتوں کے تحفظ کا درس دیئے جانے کی ضرورت نہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کا مذہبی آزادیوں کی رپورٹ سے متعلق بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جیوری کی ساکھ اورغیرجانبداری پر سنجیدہ سوالات موجود ہیں کیونکہ پاکستان ایک کثیرالمذہبی معاشرہ ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ساتھ رہتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان کی آبادی میں 4 فیصد مسیحی، ہندو، بدھ اورسکھ ہیں، اقلیتوں سے مساوی سلوک اورحقوق کی فراہمی آئین کی اساس ہے، اقلیتوں کوقانون سازی کے عمل میں شریک کرنے کیلئے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں جب کہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور جائیدادوں کے تحفظ کیلئے عدلیہ نے تاریخی فیصلے کئے۔

واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان سمیت دیگرکئی ممالک کو مذہبی آزادی کے منافی کام کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری