الحدیدہ میں جنگ بندی پر اتفاق/غیرملکی افواج یمن سے نکل جائیں/عبدالسلام


الحدیدہ میں جنگ بندی پر اتفاق/غیرملکی افواج یمن سے نکل جائیں/عبدالسلام

سویڈن میں یمنی مذاکرات کارکا کہنا ہے کہ فریقین نےالحدیدہ میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سویڈن مذاکرات میں یمنی قومی وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام کا کہنا ہے کہ الحدیدہ شہر سمیت پورے صوبےمیں فائربندی کا معاہدہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحدیدہ بندرگاہ میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں گی، عبدالسلام کا کہنا ہے کہ ہم نے یمنی قوم کی جان ومال کی خاطر بہت بڑی قربانی دی ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ صنعا سے ائرپورٹ عدن منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی جسے ہم نے مکمل طور پر مسترد کردیا ہے کیونکہ یہ یمنی مسئلے کا حل نہیں ہے

انہوں نے کہا یمن میں موجود غیرملکی افواج کو فوری طور پر ملک سے نکل جانا چاہئے تاکہ یمنی اپنے مسائل خود ہی حل کرسکیں

یاد رہے یمن کے تیسرے بڑے شہر تعز میں بھی فریقین کے مابین ’باہمی افہام و تفہیم‘ پیدا ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سویڈن میں یمنیوں کے درمیان مذاکرات کا آغاز کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے بھی آج جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ یمن تنازعے کے خاتمے کے حوالے سے جاری بات چیت میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

گوٹیرش کا کہنا ہے کہ ’’اقوام متحدہ نے بحیرہ احمر پر قائم اس بندرگاہ کو کھلوانے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔‘‘

فریقین پہلے ہی قریب 16 ہزار قیدیوں کے تبادلے پر بھی رضامند ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ الحدیدہ امدادی اشیاء کے حوالے سے اہم ترین بندر گاہ ہے۔ یہ بندرگاہ فی الحال حوثی قبائل کے زیر قبضہ ہے،اقوام متحدہ یمنی تنازعے کو دنیا کا شدید ترین انسانی بحران قرار دے رہی ہے، جہاں چودہ ملین یمنی شہری قحط کے خطرے سے دو چار ہیں۔ یمن میں گزشتہ چار برس سے جاری جنگ میں 10 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔

 

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری