حکومت کا سابق صدر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان


حکومت کا سابق صدر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری امریکا میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، یہ اپارٹمنٹ اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، فواد چوہدری نے کہا کہ آرٹیکل 62اور 63یہ ذمےداری عائد کرتا ہے کہ اثاثے ڈیکلیر کیے جائیں، خرم شیر زمان کو ذمے داری دی ہے کہ وہ آصف زرداری کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کریں ۔

انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف رزداری اثاثے چھپانے پر قومی اسمبلی کے ممبر بننے کے اہل نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر رہے ہیں، یہ آپس میں مل بھی جائیں تو صفر جمع صفر ہی ہے، کرپشن کی تحقیقات آزادانہ طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں،پاکستان میں شفافیت نظر آ رہی ہے ۔

وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے،ہم غریب کی بات کر رہے ہیں، ہماری حکومت رحم پر مبنی پالیسیاں بنا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل ہم نے بھارتی جاسوس حامد انصاری کو رہا کیا، یہ رحم کی ایک مثال ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں زیادتیوں کو روکے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کا کیس اپنے آخری مرحلے میں ہے، فیصل واوڈا کا برطانیہ میں اپارٹمنٹ ڈیکلیرڈ ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری