انڈونیشیا میں سونامی سے 43 افراد ہلاک


انڈونیشیا میں تباہ کن سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 43 تک پہنچ گئی جبکہ 600 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، انڈونیشیا کے آبنائے سنڈا میں سونامی کی لہریں ساحل سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

انڈونیشیائی حکام کا کہنا ہے کہ جزیرہ کراکاٹوامیں آتش فشانی کے باعث سونامی کی لہریں پیدا ہوئیں جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

اس سے قبل رواں سال اکتوبرمیں انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو میں زلزلے کے باعث اٹھنے والے سمندری طوفان کی زد میں آکر 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آفٹر شاکس کے بعد سونامی کی 10، 10 فٹ اونچی لہروں نے شہر میں ایسی تباہی مچائی جس کے باعث شہر میں درجنوں عمارتیں تباہ ہوئیں۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں 347 ہلاک اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات عموماً رونما ہوتے رہتے ہیں اوردنیا بھر کے تقریباً آدھے آتش فشاں اسی حصّے میں پائے جاتے ہیں۔