زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، فواد چوہدری


زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اب زرداری صاحب بھی کہتے ہیں کہ ہم معصوم ہیں،اس ملک میں زرداری صاحب معصوم ہیں انہوں نے بھی کوئی کرپشن نہیں کی ،نواز شریف، شہباز شریف سب معصوم ہیں تو پچھلے 15 سال ملک میں جو لوٹ مار کا بازار گرم رہا کیا جن بھوت پاکستان پر حکومت کررہے تھے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سب کی نظریں کل کے فیصلے پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کیس بہت سیدھا ہے کہ سعودی عرب اوردبئی میں نوازشریف اوربچوں کی جائیدادیں ہیں جس پر سوال ہے کہ اربوں روپے کی جائیدادوں کے لیے پیسہ کہاں سے آیا اور وہ جواب دینے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ اگر زرداری، نواز شریف، شہباز شریف، سعد رفیق یہ سب معصوم ہیں تو پھر بدمعاش کون ہے؟ پاکستان کے عوام کو کس نے لوٹا ہے؟

انہوں نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کو ٹھگز آف پاکستان کے نام سے اتحاد بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح حال ہی میں بھارت میں ٹھگز آف ہندوستان سینما میں بری طرح فلاپ ہوئی، ٹھگز آف پاکستان اس سے بھی بڑی زیرو فلم ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 1985 کی سیاست کا آخری دور چل رہا ہے زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز مشرف کی حکومت ختم ہوئی تو پاکستان پر 6 کھرب کا قرضہ تھا اور جب نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو 30 کھرب کا قرضہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں میں 84 فیصد اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں صنعت، ترقی، توانائی ہر چیز کی حالت خراب سے خراب تر ہوئی تو یہ پیسے کہاں گئے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس عمر میں پاکستانیوں کے بچوں کے شناختی کارڈ نہیں بنتے،اس عمر میں نواز شریف کے بچوں کے پاس بلیک کارڈز آگئے تھے یعنی وہ اربوں روپے کے مالک بن گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل میں یہ ٹیلنٹڈ اولاد نہیں بلکہ ٹیلنٹڈ ماں باپ ہیں جنہوں نے بچوں کے اکاؤنٹس میں اس طرح پیسے بھرے ہیں کہ انہیں خود بھی سمجھ نہیں آرہا کہ یہ پیسے آئے کہاں سے آئیں ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کا سوچتے ہیں، نظام بدل رہا ہے ،سیاست کا یہ پرانا نظام دفن ہوگا تو پاکستان میں مزید بہتری آئے گی

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے دو ہفتے میں معیشت کے حوالے سے اچھی خبر آئے گی،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بہتری آرہی ہے ہم سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان کی ویزا پالیسی میں نرمی لانا چاہ رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ وقت آگیا ہے کہ زرداری صاحب سندھ کے لوگوں کو کہتے ہیں کہ انور مجید کی رہائی کے لیےنکلیں اور چونکہ میں نے سب سے زیادہ آپ کو لُوٹا ہے میرے لیے باہر نکلیں اور مہم چلائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ لندن اور سعودی عرب میں جائیداد کو بچانے کے لیے عوام باہر آئیں، یہ اپنی جائیداد بنانے کے لیے عوام کو باہر نکلنے کا کہہ رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے پی اے سی کمیٹی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ طریقہ کار ہے غلط ہے بڑے بھائی کے اکاؤنٹ کا آڈٹ چھوٹا بھائی کرے گا اور بیٹا بیٹھ کے والد کے اکاؤنٹ کا آڈٹ ان کا بیٹا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں عوام کی کوئی بات نہیں ہوتی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں صرف ان کے کیسز کی بات ہوتی ہے، یہ نہ مہنگائی کے اوپر بات کرتے ہیں اور نہ کسی اور مسئلے پر کوئی بات ہوتی ہے، پارلیمنٹ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں مسئلہ قانون سازی کانہیں اس پرعملدرآمدکا ہے، ہم نئی قانون سازی پر بھی کام کررہے ہیں اور جہاں عملدرآمد ہورہا ہے وہاں چیخیں نکل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پرجےآئی ٹی فوری بننی چاہیے اور اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری