ن لیگ کا نواز شریف کی سزا کیخلاف احتجاج کا اعلان


ن لیگ کا نواز شریف کی سزا کیخلاف احتجاج کا اعلان

مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی 7 سال قید کی سزا کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سزا دینا تھی،دے دی گئی ،نواز شریف کو دوسرے ریفرنس میں بھی بری کیا جانا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا فیصلہ ہے جو عدالت بند کرکے سنایا گیا،اس فیصلے پر عوامی احتجاج اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کیا جائےگا۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، لیکن ان فیصلوں کو عوام اورتاریخ قبول نہیں کرتی،دونوں کیسز میں کوئی ثبوت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ایک کیس میں بری اور دوسرے میں سزا دی گئی جب کہ دونوں کیسز میں کوئی ثبوت نہیں اور نا ہی کوئی گواہ ہے۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اس فیصلے کے بارے میں بہت سارے شکوک و شبہات ہیں،اپیل ہمارا حق ہے،ہم ہمیشہ عدالتوں کا راستہ اپنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس مقدمے میں سزا دی گئی ہے اس کے حقائق پورے پاکستان کے سامنے ہیں،گواہوں نے خود کہا کہ اس مل سے نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں،دنیا ہنستی ہے کہ کس قسم کے فیصلے ہورہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ عدالت میں تالے لگا کر، بندوقیں تان کر فیصلہ کیا گیا، عوامی احتجاج کریں گے، پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کریں گے،پُر امن احتجاج کریں گے، ہمارے احتجاج میں تشدد نہیں ہوگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری