بانی پاکستان کا 143واں یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے


بانی پاکستان کا 143واں یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

پاکستان میں محمد علی جناح کا 143 واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق  آج کے دن کی مناسبت سے پاکستان بھر میں سرکاری عمارتوں پر پرچم لہرائے گئے اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان میں عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا۔

اس سلسلے میں صبح سویرے مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

تقریب میں فاتحہ خوانی کی گئی اور مزار قائد پر پھول چڑھا کر بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ آج کے دن کی مناسبت سے مختلف ادارے اور تنظیموں نے خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا۔

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنا خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک قوم کی صورت میں متحد کیا اور ان کے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا جہاں وہ اپنی ثقافت و رسومات کے تحت زندگی بسر کرسکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم کے فرمان آج بھی اسی طرح قابلِ عمل ہیں جس طرح 7 دہائی قبل تھے ہمیں ان کے بتائے ہوئے اصولوں ’اتحاد، یقین اور تنظیم‘ پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری