ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020: ٹیموں کی کوالیفکیشن کا اعلان


ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020: ٹیموں کی کوالیفکیشن کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2020 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کی گروپ اسٹیجز میں کوالیفکیشن کا اعلان کردیا۔

تسنیم خبررساں ادادے کی رپورٹ کے مطابق،آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ابتدائی طورپرعالمی درجہ بندی میں سرِ فہرست 10 ٹیمیں کوالیفکیشن کے بغیر ہی ایونٹ میں شامل ہوں گی جبکہ 16 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں کوالیفکیشن کے بعد داخل ہوسکیں گی۔

عالمی کپ مرحلہ وار کھیلا جائے گا جس میں پہلے مرحلے میں 8 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گے جن میں سے صرف 4 ٹیمیں اگلے مرحلے یعنی سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں پہلے سے ہی عالمی درجہ بندی کے مطابق 8 ٹیمیں موجود ہوں گی۔

گزشتہ برس 31 دسمبر تک کی عالمی درجہ بندی کے مطابق سر فہرست پاکستان، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ونڈیز، نیوزی لینڈ اور افغانستان وہ ٹیمیں ہیں جو پہلے ہی سپر 12 مرحلے میں موجود ہیں جبکہ سابق چیمپیئن سری لنکا کے ساتھ بنگلہ دیش پہلے مرحلے میں بقیہ 6 کوالیفائر ٹیموں کے مدِ مقابل ہوں گی۔

یاد رہے کہ عالمی درجہ بندی کے مطابق سری لنکا 9ویں جبکہ بنگلہ دیش 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا میلہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے نام سے مشہورتھا تاہم اب اس کا نام تبدیل کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رکھ دیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن 2 سال کی تاخیر کے بعد اب سال 2020 میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے اور 3 مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے والی واحد ٹیم ہے جس میں اسے ایک میں کامیابی ملی جبکہ 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 2009 میں انگلینڈ میں ہونے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، تاہم اس کے بعد سے اب تک پاکستان فائنل میں بھی نہیں پہنچ سکا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری