پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں: بالائی علاقوں میں برفباری


پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں: بالائی علاقوں میں برفباری

پنجاب میں دھند کے باعث موٹروے کے چند سیکشنز بند، اسلام آباد میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا، استور اور غذر میں برفباری کے بعد کئی علاقوں کا راستہ منقطع۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جب کہ موٹروے کے چند سیکشنز دھند کے باعث بند کردیے گئے،اسلام آباد میں ہلکی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب کے شہر وہاڑی، بورے والا،میلسی اور گرد و نواح میں شدید دھند ہے اور حد نگاہ 10 میٹر رہ گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے، اسی طرح خانیوال میں بھی شدید دھند ہے اور حد نگاہ صفر ہوگئی۔

لودھراں شہر اور گرد و نواح میں دھند کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد ، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی، میاں چنوں میں بھی دھند کا راج ہے، دھند کے باعث ملتان خانیوال اور بہاولپور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

 اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا جب کہ آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل نکیال اور گرد و نواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس عمران احمد کے مطابق قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند کا راج ہے جہاں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملتان خانیوال موٹروے اور موٹر وے ایم ٹو لاہور شیخوپورہ بھی دھند کی وجہ سے بند ہے۔

انہوں نےکہا کہ دھند کے دوران شہری غیر ضروری سفر سےگریز کریں، گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موبائل فون ایپلی کیشن این ایچ ایم پی ہمسفر میں ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے، سفر شروع کرنے سے پہلے اور دوران سفر ایپ کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے جس کے ذریعے موٹروے پولیس ایف ایم 95 کی نشریات براہ راست سن سکتے ہیں۔

 

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹروے پولیس ایف ایم ریڈیو سے تازہ ترین صورتحال ہر 15 منٹ بعد بتائی جارہی ہیں۔

بالائی علاقوں میں برفباری

دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے ضلع کے درجنوں بالائی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، شدید برفباری کے بعد بالائی علاقوں کے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئی جب کہ کئی علاقوں میں ٹریفک بھی معطل ہوکر رہ گئی۔

ضلع استور میں بھی گزشتہ کئی گھنٹوں سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ملکہ کو ہسار مری میں بھی سال نو کی پہلی برفباری ہوئی جہاں دلکش نظاروں کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری