ایران فلسطین کا حامی تھا اور رہے گا: صدر حسن روحانی


ایران فلسطین کا حامی تھا اور رہے گا: صدر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے کہا ہے کہ ہم اسلامی انقلاب کے شروع سے ہی فلسطین کے حامی تھے اور رہیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے کہا ہے کہ اسرائیل کا مقابلہ اوراس کے خلاف مزاحمت سے ہی مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق حاصل کرسکتےہیں۔

واضح رہے کہ تہران میں حسن روحانی سے فلسطینی مزاحمتی تحریک اسلامی جہاد کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ  نے ملاقات کی۔

اس موقع پر صدرحسن روحانی کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق حاصل کرنے کا واحد راستہ اسرائیل کے خلاف مسلح جدوجہد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کو فلسطینی عوام کے حقوق کے حصول کے لئے ان کی مدد کرنی ہوگی،جس میں فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور القدس کو فلسطین کے مستقل دارالحکومت کی حمایت کرنا شامل ہے.

صدر حسن روحانی نے تاکید کرتے ہوئےکہا کہ ہم اسلامی انقلاب کے شروع سے ہی فلسطین کے حامی تھے اور رہیں گے۔

42 سال سے ایران فلسطین کا حامی رہا ہے اور رہے گا۔

صدر روحانی نے کہا کہ فلسطینی قوم گزشتہ 70 سال سے صہیونیوں کا مقابلہ کر رہی ہے  اوراسرائیل کی مکمل نابودی تک جدوجہد جاری رہے گی.

اس ملاقات میں فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے فلسطین کی صورتحال اور اسلامی مزاحمت کی توانائی اور آمادگی سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشک ایران کی حمایت اور اصولی موقف نے فلسطینی عوام کے حقوق کو غصب کرنے کی کوششوں کو ناکامی سے دوچار کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

زیاد النخالہ نے کہا کہ فلسطینی عوام، دباو کے باوجود سینچری ڈیل کے مقابلے میں صیہونی حکومت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور فلسطینی عوام دباو اور دھمکیوں کے باوجود اپنے حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری