کراچی، لاہور میں بارش کا امکان، بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری


کراچی، لاہور میں بارش کا امکان، بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری

کراچی اور لاہور میں بوندا باندی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ گلگت اور گرد ونواح میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان جب کہ شہر بوندا باندی اور بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں شمال مشرق سے ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور گرد و نواح میں آئندہ 12 گھنٹے میں بارش کا امکان ہے اور صبح 8 بجے درجہ حرارت 10 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور کم سے کم درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کمالیہ شہر اور گرد و نواح میں بوندا باندی کے بعد موسم سرد ہوگیا جب کہ بہاول پور شہر میں مطلع جزوی ابر آلود ہے جس کے پیش نظر موسم سرد اور خشک رہے گا جہاں کم سے کم درجہ حرارت 9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان شہر اور گرد و نواح میں مطلع صاف ہے اور حد نگاہ ساڑھے 3 کلو میٹر ہے۔

دوسری جانب بالائی علاقے بدستور سردی کی لپیٹ میں ہیں، گلگت اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، مکران کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری