ایمنسٹی انٹرنیشنل کا جمال خاشقجی کے قتل کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ


ایمنسٹی انٹرنیشنل کا جمال خاشقجی کے قتل کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ

انسانی حقوق کے عالمی نگراں ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے 100 دن مکمل ہونے کی ایک تقریب میں عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، فرانسیسی میڈیا اے ایف پی نے بتایا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ترک نمائندہ گوکسو اوزاہشالی نے استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے کے باہر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کی زیرِ نگرانی جمال خاشقجی کے قتل کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمال خاشقجی کو انصاف دینے کا مطالبہ کرتے ہیں جنہوں نے عرب دنیا میں آزادی اظہار رائے کی جنگ لڑی۔

بعد ازاں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے کارکنان نے سعودی قونصل خانے کی سڑک کو سعودی صحافی کے نام سے منسوب کرتے ہوئے جمال خاشقجی اسٹریٹ کا سائن نصب کیا۔

ایمنسٹی ترکی کے ریسرچ مینیجر اینڈریو گارڈنر نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ انتہائی حیران کن ہے کہ سعودی صحافی کے قتل کو 100 دن ہونے کے باوجود انہیں انصاف دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے عالمی برادری اس معاملے میں ناقابل یقین حد تک کمزور رہی ہے اور سعودی عرب سے تجارتی اور سفارتی تعلقات کو بنیادی انسانی اقدار پر ترجیح دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کی جانب سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کا قتل طاقتور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حکم پر ہوا۔

مزید برآں دسمبر میں امریکی سینیٹ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے سے متعلق قرارداد منظور کی جس میں سعودی حکومت سے جمال خاشقجی کے قتل کے ذمہ داران کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

بعد ازاں جنوری کے آغاز میں سعودی عرب کی عدالت میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے مقدمے کی پہلی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے 11 میں سے 5 مبینہ قاتلوں کی سزائے موت کا مطالبہ کیا تھا، جس پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق سعودی عرب کے ٹرائل کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح ٹرائل کی شفافیت کا جائزہ نہیں لیا جاسکتا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری