ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ، مزید بارش کی پیشگوئی


ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ، مزید بارش کی پیشگوئی

موسمیاتی اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،کوہاٹ، مردان، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ فیصل آباد اور ساہیوال ڈویڑن میں چند مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اس دوران مالاکنڈ ڈویژن(سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر)، ہزارہ ڈویژن، مری ، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

سکردو شہر میں درجہ حرارت منفی 6 اور پہاڑی علاقوں میں منفی 10 تک گر گیا ہے، پہاڑوں پر برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں، سیاحوں کو پہاڑی علاقوں پر نہ جانے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔

شاہراہ قراقرم چلاس کے مقام پر اورہنزہ میں مرتضیٰ آباد کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہے۔ دارالحکومت گلگت سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

برف باری کے بعد سردی میں شدید اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے بالائی علاقوں میں نظام زندگی شدید متاثر ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا، شہرمیں آج صبح کے وقت ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم خشک رہےگا۔

ماہرین موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں بالائی سندھ، اور پشاور ڈویژن میں بعض مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری