کابل میں کاربم دھماکا، 4 ہلاک 44 زخمی


کابل میں کاربم دھماکا، 4 ہلاک 44 زخمی

افغانستان کے دارالحکومت میں ایک کاربم دھماکےمیں 4 افراد ہلاک جب کہ 44 زخمی ہو گئے ہیں، حملہ ایک غیرملکی کمپاؤنڈ کے قریب کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، افغانستان کا دار الحکومت کابل ایک بارپھردہشت گردوں کا نشانہ بن گیا،ایک قلعہ بند غیرملکی کمپاؤنڈ کے قریب کار بم دھماکے میں چارافراد ہلاک جب کہ چوالیس زخمی ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر اس تباہ کن حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حملے نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہے، یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ طالبان کے ساتھ سترہ سالہ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے۔

وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں نے ایک مصروف سڑک کے قریب واقع گرین ولیج کو نشانہ بنایا، جہاں غیرملکی ورکرز کام کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کاربم دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں دس بچے بھی شامل ہیں، دھماکا اتنا زوردارتھا کہ قریب موجود رہائشی علاقے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے انتہائی محفوظ کمپاؤنڈ میں اقوام متحدہ کا عملہ رہائش پذیرتھا تاہم وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق علاقہ اب خالی کیا جا چکا ہے اور وہاں صرف چند گارڈز ہی موجود تھے۔

یاد رہے کہ 21 نومبر کو بھی افغانستان کا دارالحکومت کابل بڑے دہشت گرد حملے کا نشانہ بنا تھا، جس میں 50 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری