فواد چوہدری دو روزہ دورے پرکراچی پہنچ گئے


فواد چوہدری دو روزہ دورے پرکراچی پہنچ گئے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری دو روزہ دورے پر سندھ کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اہم ملاقاتیں کریں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری دو روزہ دورے پرکراچی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

فواد چوہدری کراچی میں وزارت سے متعلقہ اہم اجلاسوں میں شریک ہوں گے اور مقامی پارٹی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران دورہ سندھ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ منسٹری کے کام سے جا رہا ہوں، سندھ پاکستان کا حصہ  ہے وہاں جانے پر کون پابندی لگا سکتا ہے۔

میڈیا کے مطابق وزیراعظم عمران خان بھی رواں ماہ سندھ کا دورہ کریں گے، وزیراعظم عمران خان ہم خیال سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے،طے شدہ پروگرام کے تحت وہ دورہ سندھ  میں پارٹی امورکا بھی جائزہ لیں گے۔

یاد رہے کہ عمران خان کو دورہ گھوٹکی کی دعوت سردارعلی گوہر مہر نے دی تھی۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ 25 جنوری کو کراچی پیکج تیارکرکے وزیراعظم کو دے دیں گے اور کراچی ٹرانسفورمیشن کمیٹی پیکج تیارکرنے میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی(کے آئی ڈی اے) براہراست وزیراعظم کے ماتحت ہے اورکے آئی ڈی سی کے زریعے منصوبوں پر عملدر آمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ کی صوبائی حکومت نےابھی تک کوئی پیکج وفاق سے نہیں مانگا۔

وزیراعظم اور وزیراطلاعات کے دورہ سندھ نے صوبے کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے اور صوبائی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی اندرون خانہ صورتحال پرغور شروع کردیا ہے۔

 

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری