ٹرمپ کو پاک-افغان قیادت سے ملاقات کا مشورہ دوں گا، امریکی سینیٹر


ٹرمپ کو پاک-افغان قیادت سے ملاقات کا مشورہ دوں گا، امریکی سینیٹر

امریکی سینیٹر لینڈسے گراہم نے کہا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیں گے کہ پاکستان اور افغانستان کی قیادت سے ملاقات کرے تاکہ 17 سالہ طویل افغان تنازع کا حل نکالا جاسکے جہاں تاحال امریکی فوجی موجود ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ اورعمران خان کی ملاقات کی تجویز دیتے ہوئے امریکی سینیٹر نے کہا کہ میرے خیال میں اگر وہ ملتے ہیں تو مسئلے کو ختم کر دیں گے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی ری پبلیکن سینیٹر لینڈسے گراہم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں سلامتی کے امور کا جائزہ لیا اور اس دوران امریکی سینیٹر نے معیشت کی بہتری، کرپشن کے خاتمے اور پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے عمران خان کے وژن کی تعریف کی۔

امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک سے تعلقات کی بہتری کے لیے وزیراعظم کی کوششیں قابل ذکر ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینیٹر سے گفتگو کے دوران افغان تنازع کے سیاسی حل کے لیے امریکا اور خطے کی دیگر قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ہمسائیہ ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی معاشی ٹیم سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کاروبار دوست پالیسی مرتب کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو امریکی کمپنیوں کے لیے سود مند ثابت ہوسکتی ہے۔

دونوں فریقین نے باہمی معاشی بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری