جعلی اکاؤنٹس کیس نیب راولپنڈی کے سپرد


جعلی اکاؤنٹس کیس نیب راولپنڈی کے سپرد

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں 3 دن مشاورت کے بعد جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کو نیب راولپنڈی کے دفتر بھیج دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل عرفان منگی سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کی دیگر اعلیٰ قیادت اور ریئل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض کے خلاف اس کیس نگرانی کریں گے۔

خیال رہے کہ عرفان منگی پاناما پیپرز کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف بننے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اپنے فیصلے میں نیب کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ملزمان کے خلاف کراچی کے بجائے راولپنڈی/اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس فائل کرے۔

ابتدائی طور پر نیب شکایت پر انکوائری کا آغاز کرے گا اور اگر کچھ معتبر ثبوت ملتے ہیں تو اس انکوائری کو تحقیقات میں تبدیل کردیا جائے گا، اس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے یا نہیں۔

اس خصوصی کیس سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ نیب انکوائری پر نہیں جائے گا لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کی جانب سے کی گئی انکوائری کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کرے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری