اگلے ماہ متعدد 5 جی اسمارٹ فونز متعارف کرائے جانے کا امکان


اگلے ماہ متعدد 5 جی اسمارٹ فونز متعارف کرائے جانے کا امکان

موبائل فون کی دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ 25 فروری کو اسپین کے شہر بارسلونا میں شروع ہورہا ہے جس میں فولڈ ایبل فونز اور ہول پنچ کیمروں کے ساتھ اس بار کئی فائیو جی ڈیوائسز بھی متعارف ہونے والی ہیں۔ ایل جی اور ہیواوے کی جانب سے موبائل ورلڈ کانگریس میں 5 جی فونز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ایل جی کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ دیگر ڈیوائسز کے ساتھ ساتھ یہ جنوبی کورین کمپنی اپنا پہلا فائیو جی اسمارٹ فون بھی موبائل ورلڈ کانگریس میں متعارف کرائے گی۔

یہ واضح نہیں کہ یہ اس کا فلیگ شپ فون ایل جی 8 کا کوئی ورژن ہوگا جو کہ اسی ایونٹ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے یا کوئی مختلف ڈیوائس۔

ایل جی جی 8 میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر، 4000 ایم اے ایچ بیٹری اور ویپر چیمبر کولنگ سسٹم دیا گیا ہے جو کہ فون کو روایتی سسٹمز کے مقابلے میں ٹھنڈا رکھنے میں زیادہ مدد دیتا ہے۔

خیال رہے کہ ایل جی نے گزشتہ روز ایک ٹیزر ویڈیو میں ایک نئے اور ٹچ لیس ڈیوائس کا عندیہ بھی دیا تھا جس کی کوئی تفصیل بیان نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ہواوے کی جانب سے بھی ایک فائیو جی فون متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جو کہ اس کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون بھی ہوگا۔

اس فون کے بارے میں کوئی تفصیل ابھی سامنے نہیں آئی مگر ممکنہ طور پر یہ ہواوے پی 30 پرو سے مختلف ڈیوائس ہوگی جو کہ موبائل ورلڈ کانگریس یا اس کے فوری بعد سامنے آسکتا ہے۔

سام سنگ اور شیاﺅمی کی جانب سے فولڈ ایبل فونز بھی متعارف کرائے جائیں گے تو یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ ہواوے ان کے مقابلے میں کیا نئی چیز پیش کرتا ہے۔

ہواوے کے اس فون میں بالونگ 5000 فائیو جی چپ دی جائے گی جو کہ 4.6 جی بی پی ایس یا 6.5 جی بی پی ایس ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ کی حامل ہوسکتی ہے مگر اس کا انحصار اسپیکٹرم پر ہوگا۔

سام سنگ کی جانب سے بھی گلیکسی ایس 10 کا ایک فائیو جی ورژن متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر یہ واضح نہیں کہ موبائل ورلڈ کانگریس سے قبل 20 فروری کو ہونے والے ایونٹ میں سامنے آئے گا یا بعد میں کسی وقت۔

ون پلس اور اوپو کی جانب سے بھی فائیو جی فونز کی تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے مگر ان کی تفصیلات بھی ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری