وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےسعودی قیمتی تحائف رکھنے سے معذرت کرلی


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےسعودی قیمتی تحائف رکھنے سے معذرت کرلی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے دورے پر ملنے والے قیمتی تحائف پاس رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے انہیں توشہ خانہ میں جمع کرادیا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر خارجہ کو ملنے والے تحائف میں سونے کے قلم، رولیکس گھڑی، سونے کے کف لنکس، سونے کی تسبیح اور سونے کی انگوٹھی شامل ہے۔

 دفتر خارجہ کی 9 اور 10 جنوری 2019 کی دستاویزات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ 19 ستمبر 2018 کو سعودی عرب پر جانے والے وفد کا حصہ تھے۔

خیال رہے کہ دورہ سعودی عرب کے موقع پر وزیر خارجہ کو 63 لاکھ روپے مالیت کے قیمتی تحائف ملے تھے۔

دستاویزات کے مطابق شاہ محمود قریشی کو ملنے والی رولیکس گھڑی کی مالیت 48 لاکھ 50 ہزار روپے، سونے کا قلم ساڑھے 9 لاکھ روپے، سونے کے کف لنکس کی مالیت ایک لاکھ 35 ہزار روپے، سونے کی تسبیح 2 لاکھ 5 ہزار روپے اور سونے کے انگوٹھی کی 2 لاکھ 10 ہزار روپے ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق ماضی میں حکومتی عہدیداران بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کو اپنا حق سمجھتے تھے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کو تمام تحائف سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے دیئے تھے جو انہوں نے وطن واپس آنے پر توشہ خانہ میں جمع کرادیئے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری