ترک وزیرخارجہ کا وزیراعظم عمران خان کو خط، ہزاروں پاکستانی ملک بدر کئے جائیں گے

ترک حکام نے اس ملک میں غیرقانونی طورپر مقیم ہزاروں پاکستانی شہریوں کو ملک بدرکرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترک وزیرخارجہ کا وزیراعظم عمران خان کو خط، ہزاروں پاکستانی ملک بدر کئے جائیں گے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کو اپنے داخلی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترک وزارت خارجہ نے ایک خط کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کو حکومت کے اس فیصلے سے مطلع کردیا ہے کہ ترکی جلد غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کو اپنے ملک سے بے دخل کردے گا۔

ترک وزیر خارجہ نے پاکستان بھیجے گئے خط میں انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر کی جیلوں میں 50 ہزار سے زائد پاکستانی قید ہیں جن کے پاس سفری دستاویزات نہیں ہیں اور یہ سب غیر قانونی طور پر ترکی پہنچے تھے کچھ کو عدالتوں نے سزائیں بھی سنائی ہیں۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد کو جیلوں میں رکھنا ممکن نہیں رہا اور ان قیدیوں کی وجہ سے انتظامی امور کی انجام دہی میں رکاوٹ ہو رہی ہے اس لیے حکومت نے ان افراد کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس معاملے پر فی الوقت پاکستانی حکومت کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ گزشتہ برس 10 فروری کو بھی ترکی سے 60 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ملک میں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے سالانہ ہزاروں پاکستانی ایران کے راستے غیرقانونی طورپر یورپ جانے کے لئے ترکی پہنچ جاتے ہیں۔

 

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری