پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کا بھارتی خواب پورا نہیں ہوگا، وزیر خارجہ


پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کا بھارتی خواب پورا نہیں ہوگا، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں ہونے والے حملے میں 44 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’تشدد ہماری حکومت کی پالیسی نہیں ہے‘۔

جرمنی کے شہر میونخ میں سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے گئے وزیر خارجہ نے ویڈیو میں نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کی اور کہا کہ جو واقعہ ہوا ہے میں اس کی مذمت کرتا ہوں لیکن بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے فوری طور پر پاکستان پر الزام لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر الزام لگانا ایک منٹ کی بات ہے، آپ اپنا ملبہ بھی ہم پر پھینک دیجیے لیکن دنیا اس سے قائل نہیں ہوگی، دنیا نے اس کی مذمت کی ہے اور کرنی بھی چاہیے تھی کیونکہ جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

تاہم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سے آوازیں آرہی ہیں، جیسا کے جموں اینڈ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا کہ پاکستان پر الزام لگانا ’آسان راستہ‘ ہے لیکن بھارتی انتظامیہ یہ بھی تو دیکھے کے مقبوضہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے۔

وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی اور روز جنازے اٹھ رہے تو کیا اس کا ردعمل نہیں آسکتا؟۔

انہوں نے کہا کہ میں روس کے وزیر خارجہ سمیت کئی وزرا خارجہ ملا اور کہا کہ مجھے خدشہ ہے کہ بھارت میں انتخابات سے پہلے سیاسی مقصد کے لیے کوئی ’واقعہ‘ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے 2 ماہ قبل پاکستانی حکام نے پی 5 (امریکا، چین، روس، برطانیہ اور فرانس) کے سفیر کو اسلام آباد میں بلا کر بریف نہیں کیا تھا کہ ہمیں ڈر ہے کہ توجہ ہٹانے کے لیے کچھ نہ کچھ ہوسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس 2 آپشن ہیں، ایک یہ کہ وہ اہم سیاستدان کی طرح اگلے انتخابات پر نظر رکھتے ہوئے اپنی پالیسی اور رویے کو مرتب کرے اور دوسرا آپشن یہ ہے کہ وہ اپنے خطے، ملک کی غربت اور بہتری کے بارے میں سوچے اور اس کا مطلب علاقائی امن و استحکام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بگاڑ نہیں چاہتے بلکہ امن چاہتے ہیں، یہ کہنا کہ ہم پاکستان کو مرعوب کرلیں تو یہ درست نہیں، ہم ایک قوم ہیں اور ہم اپنا دفاع اور موقف پیش کرسکتے ہیں، ہمارا پیغام امن کا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری