اسلام آباد میں نیا ٹریفک پلان جاری


اسلام آباد میں نیا ٹریفک پلان جاری

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر جڑواں شہروں کا نیا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کریں جبکہ ائرپورٹ جانے والے مسافر بھی کشمیر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کر سکیں گے۔

جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس کو بھی راولپنڈی تک محدود کردیا گیا جبکہ ریڈ زون مکمل طور پر سیل ہے۔

فیض آباد سے راول ڈیم اور کشمیر چوک جانے والا راستہ بھی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

لاہور سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کا روات سے ایکسپریس وے داخلہ بند ہوگا جبکہ کاک پل سے کرال چوک اسلام آباد ایکسپریس وے بھی ہیوی ٹریفک کے لئے بند رہے گا۔

اسی طرح آئی جے پی روڈ پر نائنتھ ایوینیو اورفیض آباد کی جانب داخلہ بھی بند رہے گا۔

وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران مری اور آزاد کشمیر سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کو سترہ میل ٹول پلازہ سے مری موٹروے کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

پشاور سے براستہ جی ٹی روڈ اور موٹروے سے اسلام آباد پہنچنے والی ہیوی ٹریفک کا 26 نمبر چونگی سے کشمیر ہائی وے پر داخلہ بند ہو گا جنہیں پشاور روڈ صدر کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

راولپنڈی میں سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا جبکہ بوقت ضرورت ائرپورٹ روڈ پر چوہان چوک سے راول روڈ اور مری روڈ سے ڈبل روڈ کی جانب ٹریفک موڑ دیا جائے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف کے مطابق شہر میں رش والی جگہوں پر خصوصی نفری تعینات رہے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری