ملک بھرمیں بونداباندی اور سرد ہواؤں کے سبب ٹھنڈ میں مزید اضافہ


ملک بھرمیں بونداباندی اور سرد ہواؤں کے سبب ٹھنڈ میں مزید اضافہ

ملک بھر میں بونداباندی اور سرد ہواؤں کے سبب ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگیا، آج بھی اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی علاقوں میں برف باری اور بالائی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ آئندہ جمعہ تک جاری رہے گا۔

اسلام آباد میں گزشتہ شب سے بونداباندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور سرد ہواؤں کے سبب ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

آج صبح اسلام آباد میں گھنے سیاہ بادل چھائے رہے اور درجہ حرارت بھی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور گزشتہ شب چند علاقوں میں بارش بھی ہوئی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی 85 فیصد رہے گا۔

مری اور بالائی علاقوں میں برف باری ایک بار پھر شروع ہو گئی ہے۔

پنجاب کے ضلع وہاڑی میں بھی وقفے وقفے سے بونداباندی کے ساتھ سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی گزشتہ شب بوندا باندی ہوئی ہے جس سے موسم سرد ہو گیا ہے، نارھ ناظم آباد، ناظم آباد، بورڈ آفس، گولیمار، لیاقت آباد، گلشن اقبال، طارق روڈ، ملیر اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ شب بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں آج بھی موسم سرد اور ابر آلود رہے گا، چندعلاقوں میں بونداباندی کا بھی امکان ہے۔

کراچی کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کا موسم سرد اور خشک رہا، سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری