ایران کیلئے کبھی مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہیں گے: شاہ محمود قریشی


ایران کیلئے کبھی مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہیں گے: شاہ محمود قریشی

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ دہشت گردی ہماری پالیسی کبھی نہیں رہی اور ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے ہم ان کے لیے کبھی مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کی ایرانی وزیر خارجہ سےگزشتہ روز ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، ایران میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، ایرانی وزیرخارجہ سے کہا پاکستان کبھی بھی ایسے واقعے کی اجازت نہیں دے گا، ایرانی وزیرخارجہ کو یقین دلایا کہ پاکستان افسوسناک واقعے پر بہت اپ سیٹ ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان دہشت گردی کا سختی سے مخالف ہے، دہشت گردی ہماری پالیسی کبھی نہیں رہی، ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے، ہم ان کے لیے کبھی مشکلات پیدا نہیں کرنا چاہیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ایران کی سالمیت اورعلاقائی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ ایران بھی ہماری علاقائی خود مختاری کا احترام کرے گا، اگر کوئی مسائل ہیں تو ان پر بات ہوسکتی ہے، اگر کوئی ثبوت ہیں تو ایران ہم سے شیئر کرسکتا ہے، ہم تعاون کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ پہلے بھی تعاون کرتے رہے ہیں، اپنے ہمسائے کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھیں گے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری