اب امیر لوگ بھی یہاں علاج کرائیں گے: عمران خان


اب امیر لوگ بھی یہاں علاج کرائیں گے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ملک کے سرکاری ہسپتالوں کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ یہاں سب برابر ہیں، اب امیر لوگ بھی یہاں علاج کرائیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، راجن پور میں انصاف صحت کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ راجن پورکا خطہ سارے پاکستان سے پیچھے رہ گیا اور یہاں کے لوگوں کے حالات بہت خراب ہیں جنہیں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں جس میں امیر، غریب وزرا سب سرکاری ہسپتالوں میں اپنا علاج کرائیں، عمران خان نے بتایا کہ ان کی اور ان کی بہنوں کی پیدائش سرکاری ہسپتالوں میں ہی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آج نئی شروعات کر رہے ہیں، صحت انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور ہم راجن پور کے دو لاکھ 13ہزار خاندانوں کو انصاف کارڈ فراہم کر رہے ہیں جس سے وہ 7 لاکھ روپے سے زائد کا علاج کرا سکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ غریب گھرانے میں ایک مرتبہ بیماری آ جائے تو سارا بجٹ خراب ہو جاتا ہے اور اسی لئے ہم راجن پور کے تمام غریب گھرانوں میں صحت کارڈ تقسیم کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فاٹا کے علاقے کے لوگ بھی بہت پیچھے رہ گئے اور جنگ نے ان کے حالات مزید خراب کر دیے ہیں لہٰذا ہم وہاں بھی صحت کارڈ تقسیم کریں گے تاکہ انہیں یقین ہو کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو ان کے پاس یہ سہولت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کا نظام آہستہ آہستہ گرتا گیا، پہلے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین علاج ہوتا تھا لیکن آج امیر لوگ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کا سوچتے بھی نہیں ہیں۔

وزیراعظم نے شریف فیملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تین مرتبہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہنے والے نواز شریف کہتے ہیں کہ مجھے جیل بھیجو یا علاج کے لیے لندن جانے دو اور ان کے بھائی شہباز شریف بھی علاج کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں جبکہ ان کے صاحبزادے بھی اپنی اہلیہ کے علاج کے لیے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں کہ امیر، غریب اور وزرا سمیت تمام افراد سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرائیں۔

انہوں نے اس موقع پر پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد کو ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں کے نظام میں اصلاحات کے عمل میں تیزی لائیں تاکہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کیے جائیں اور ان کی انتظامیہ کو بھی بہتر بنایا جائے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں ماہ 6 فروری کو تقریباً 8 کروڑ افراد کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنے کے لیے صحت انصاف کارڈ کا اجرا کیا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری