اسلام آباد میں بین الاقوامی علماء و مشایخ کانفرنس کا انعقاد +ویڈیو


اسلام آباد میں بین الاقوامی علماء و مشایخ کانفرنس کا انعقاد +ویڈیو

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بین الاقوامی علماء و مشایخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،استاد العلماء و مفسر قرآن حضرت علامہ شیخ محسن علی نجفی نے کہا کہ بین الاقوامی علماء و مشائخ کانفرنس اہل اسلام میں قربت اور محبت بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ ہے جو اسلاف کا مشن رہا ہے اور اس ذریعے سے وطن عزیز پاکستان میں امن و محبت کے فروغ میں کاوشیں جاری رہنی چاہییں۔
عالم اسلام کے جید علماء کرام و مشائخ عظام اور دینی سکالرز نے وحدتِ امت کو دور حاضر کا اہم ترین تقاضہ گردانتے ہوئے اتحاد امت کو وطن عزیز پاکستان کی جغرافیائی ونظریاتی سرحدات کی حفاظت اور اسلامی اقدار کی ترویج کے لیے ناگزیر قرار دیا جبکہ دفاع پاکستان کے لیے افواج پاکستان کی جدو جہد اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے اسلام دشمن قوتوں کا مل کر مقابلہ کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
اسلام آباد کی مایہ ناز علمی درسگاہ جامعۃ الکوثر میں گذشتہ برسوں کی طرح امسال منعقدہ بین الاقوامی علماء ومشائخ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سینئر نائب صدر اور قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اتحاد ووحدت کے لیے پاکستان کی مذہبی قیادت کی گرانقدر خدمات لائق تحسین ہیں اور دیگر سیاسی مدار کے لیے قابل تقلید بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرزمین پاک پر اتحاد و وحدت کی فضاء ملک کی بقاء اور تحفظ کے لیے ناگزیر ہے اور یہی وہ ذریعہ ہے جس کو اختیار کرکے وطنِ عزیز کی سرحدات کے تحفظ سمیت اندرونی خلفشار کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔
استاد العلماء و مفسر قرآن حضرت علامہ شیخ محسن علی نجفی نے کہا کہ بین الاقوامی علماء و مشائخ کانفرنس اہل اسلام میں قربت اور محبت بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ ہے جو اسلاف کا مشن رہا ہے اور اس ذریعے سے وطن عزیز پاکستان میں امن و محبت کے فروغ میں کاوشیں جاری رہنی چاہییں۔
جامعہ المصطفیٰ العالمیہ قم سے تشریف لائے آقائے شیخ سعیدی نجفی نے پاکستان میں قیام امن کے لیے علماء کرام و مشائخ عظام کی کاوشوں کو سراہا اور عوامی سطح پر دین اسلام کی سربلندی کے لیے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کاوشوں کو بنیادی اور دیگر اسلامی ممالک کے لیے قابل تقلید قرار دیا ملی یکجہتی کونسل اور جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے پاکستان کو عالمی سطح پر درپیش چیلنجز کے سامنا کرنے کے لیے اہل اسلام کو مابین مسالک مشترکات کو اپنا کر قدر مشترک اور دردِ مشترک کے فارمولے پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پہ زور دیا۔
انہوں نے ملک میں ملی یکجہتی کونسل کا انہی پیرایوں میں ہم آہنگی کے فروغ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام مسالک کی خدمات کا اعتراف کیا، کانفرنس سے اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی ،اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ افتخار حسین نقوی، مولانا ابو بکر ازہری علامہ شیخ محمد شفا نجفی۔
کانفرنس کے منظم اعلیٰ علامہ شیخ انور علی نجفی، جماعت اسلامی پنجاب کے صدر ڈاکٹر طارق سلیم، سعید احمد نقشبندی، مولانا محمد منشاء، اسرار مدنی سمیت دیگر علماء و دانشوران نے بھی خطاب کرتے ہوئےکہ پاکستانی قوم نےجذبہ اخوت واتحاد کے ذریعے ہندوستان کی جارحیت کو نہ صر ف ناکام کیا بلکہ اس کے مکروہ عزائم کو بھی طشت ازبام کیا۔
کانفرنس کے آخر میں ایک متفقہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق علماء کرام و مشائخ عظام نے اتحاد کے قیام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور قرآن و سنت و سیرت اہلبیت پر عملدرآمد کر کے تفرقہ اور تشدد کا خاتمہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جبکہ دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے علماء و مشائخ نے باہم متحد ہو کر وطن کے دفاع کا بھی عزم ظاہر کیا۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری