یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی شان دار پریڈ کی تقریب کا آغاز


یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی شان دار پریڈ کی تقریب کا آغاز

دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان کے سلسلے میں مسلح افواج کی شان دار پریڈ کی تقریب کا آغاز ہوگیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں جو صدرِ مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود اور وائس ائیر چیف کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر براجمان ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی گھڑ سواروں کے چاق و چوبند دستے کے ساتھ بگھی میں سوار ہو کر پریڈ گراؤنڈ تشریف لائے۔

صدرِ مملکت سمیت مہمانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے اور تلاوت قرآن پاک کے ساتھ ہوا۔

جس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں نے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا۔

صدرِ مملکت کو سلامی پیش کیے جانے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی پیش کی جبکہ ایئرچیف نے کاک پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا۔

ایئر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔

تقریب میں غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک ہیں۔

اس کے علاوہ حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفارتکار اور اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات تقریب میں شریک ہیں۔

یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری