پاکستان میں بغیراوپن ہارٹ سرجری کا کامیاب آپریشن


پاکستان میں بغیراوپن ہارٹ سرجری کا کامیاب آپریشن

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہورکے چلڈرن اسپتال میں 16 بچوں کے ڈیوائس ڈال کر دل کا سوراخ بند کرنے کے کامیاب آپریشن کیے گئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں اوپن ہارٹ سرجری کے بغیردل کے نچلے حصے کا سوراخ بند کرنا اب ممکن ہو گیا ہے۔

 ایسے مریض جن کے دل کے نچلے حصے میں سوراخ ہو، اسے بند کرنے کے لیے اب اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت نہیں رہی، صرف ایک ڈیوائس اور ڈیڑھ گھنٹے کی انجیوگرافی کافی ہے، دل کا سوراخ بند ہو جائے گا، یہ کامیاب آپریشن لاہور کے چلڈرن اسپتال میں کیے گئے۔

پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق اور ویتنام کے معروف سرجن ڈاکٹر ٹن کی نگرانی میں اب تک 16 کامیاب آپریشن کیے جا چکے ہیں، یہ آپریشن 10 کروڑ کی لاگت سے تیارکردہ کیتھ لیب میں ہوئے۔

چلڈرن اسپتال کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق کا کہنا تھا کہ اس طریقہ علاج میں سرجری کے اگلے دن مریض کو ڈسچارج کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کامیاب آپریشن سے صحت مند ہونے والے بچے اور ان کے والدین بھی اس طریقہ علاج سے مطمئن ہیں۔

چلڈرن اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن مفت کیے گئے ہیں، اب دل کے ایسے مریض بچوں کو اوپن ہارٹ سرجری نہیں کرانا پڑے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری