وزیراعظم عمران خان سب سے پہلے روضہ امام رضا علیہ السلام پر حاضری دیں گے


وزیراعظم عمران خان سب سے پہلے روضہ امام رضا علیہ السلام پر حاضری دیں گے

وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کا شیڈول مکمل کر لیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج دوپہر اڑھائی بجے کوئٹہ سے خصوصی طیارے پر ایران روانہ ہوں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی ہمراہ ہوں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری اور دیگر وزراء بھی ہمراہ ایران جائیں گے۔

مقامی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج کوئٹہ سے ایران کے شہر مشہد پہنچیں گے۔ وزی اعظم مشہد میں روضہ حضرت امام رضا علیہ السلام پر حاضری دیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا تہران میں ایرانی وزیر برائے شاہرات، اربن ڈویلپمنٹ محمد اسلامی استقبال کریں گے جبکہ وزیراعظم کے اعزاز میں تہران میں عشائیہ دیا جائے گا اور آزادی ہوٹل میں قیام کریں گے۔

وزیراعظم کو 22 اپریل کی صبح تہران میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا وفود کی سطح پر ملاقاتیں اور کئی ایم اویوز پر دستخط ہوں گے۔ مشترکہ پریس کانفرنس ساڑھے 12 بجے ہوگی۔ اس پریس کانفرنس کا دورانیہ 10 منٹ ہوگا۔

ایرانی صدر حسن روحانی وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی ایرانی صدر حسن روحانی سے الگ ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان ایرانی سرمایہ کاروں و بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان امام خامنہ ای سے  خصوصی ملاقات کریں گے ملاقات میں، افغانستان کی صورتحال اور دہشت گردی سے نمٹنے پر بات کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان خطے کو درپیش چیلنجز،علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان ایران کے شہر قم بھی جائیں گے جہاں حضرت فاطمہ معصومہ کے روضہ مبارکہ پر بھی حاضری دیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری