حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کی تقریبات کا آغاز


حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کی تقریبات کا آغاز

حضرت لعل شہباز قلندر کے 767 ویں عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغازآج سے سیہون شریف میں ہوگا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، حضرت لعل شہباز قلندر کےعرس کی تین روزہ تقریبات آج سےشروع ہورہی ہیں، ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ  گورنرسندھ عمران اسماعیل مزار پر چادر چڑھا کر 3 روزہ سرکاری تقریبات کا آغاز کریں گے۔

خیال رہے کہ حضرت عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر کا عرس ہر سال اٹھارہ شعبان کو شروع ہو کر اکیس شعبان تک جاری رہتا ہے۔

سیکورٹی پلان کے تحت 8 زون میں سیکورٹی ہوگی، جس میں 4 ہزار 500 پولیس اہل کار اور 300 سے زائد رینجرز کے جوان سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہل کار بھی سیکورٹی کے فرائض ادا کریں گے۔

گزشتہ روز لعل شہباز قلندر کے عرس کے انتظامات سے متعلق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقدہ ہوا تھا، جس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا تھا کہ اس مرتبہ لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر 25 لاکھ سے زائد زائرین کی آمد متوقع ہے، عرس پر سیکورٹی اوّلین ترجیح ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ درگاہ کے آس پاس تمام تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے، رینجرز، پولیس اور نیوی کی ٹیمیں دریائے سندھ پر موجود ہوں گی، ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ زائرین کو واک تھرو گیٹ سے داخل کر کے کلیئر قرار دے کر مزار کی طرف روانہ کیا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری