ولادت باسعادت حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام


ولادت باسعادت حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام

آج پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر میں فرزند رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارہ: آج حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر کی مساجد اور امام بارگاہوں میں محافل اور جشن سرور کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے علماء و ذاکرین خطاب کرتے ہوئےامام علیہ السلام کی حیات طیبہ روشنی ڈالی جارہی ہے۔

ولادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے چھوٹے بڑے شہروں خاص کر مشہد مقدس اور قم المقدسہ میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور بی بی معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ ہائے اقدس میں جشن و سرور کی محافل معنقد کی گئیں جس میں بڑی تعداد میں پاکستان اور ہندوستان سے تعلق رکھنے والے زائرین بھی شریک رہے۔

عراق کے مقدس شہروں خاص طور پر کربلائے معلی اور نجف اشرف سے بھی اطلاعات ہیں کہ اس پرمسرت موقع پر شاندار جشن منایا جا رہا ہے جس میں عراق اور دنیا کے مختلف ملکوں کے لاکھوں زائرین اور عاشقان اہلبیت شریک ہیں۔

حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام پندرہ رمضان المبارک سن تین ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں ظاہری طور پر اس دنیا میں تشریف لائے۔

آپ حضرت علی اور جناب فاطمہ علیھماالسلام کے کاشانہ عصمت کے پہلے چشم و چراغ تھے جو سورہ کوثر کی مکمل تفسیر بن کر آغوش عصمت میں اترے۔

حضرت امام حسن علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے بعد حضرت علی اور جناب فاطمہ علیھماالسلام نے اپنے نو مولود بچے کو رسول اسلام (ص) کی آغوش میں دیا اور ان سے بچے کا نام رکھنے کی درخواست کی۔

سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم خدا سے اپنے پہلے نواسے کا نام حسن رکھا۔

حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کو یہ شرف حاصل تھا کہ وہ نو سال تک اپنے نانا رسول خدا کی آغوش تربیت میں پروان چڑھے اور اس کے بعد تیس سال تک اپنے پدر بزرگوار حضرت علی علیہ السلام کے سایہ عاطفت میں رہے۔

ترتیب و پیشکش: مجتبی مومنی

اہم ترین مقالات خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری