پاکستان میں یوم القدس کی تیاریاں عروج پر


پاکستان میں یوم القدس کی تیاریاں عروج پر

پورے پاکستان میں 25 رمضان المبارک جمعۃ الوداع کے موقع پر عالمی یوم القدس کے حوالے سے نکالی جانے والی عظیم الشان ریلیوں کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پورے پاکستان کی جامع مساجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لیے آج یوم القدس بھی منایا جائےگا جس کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظاہرے ہوں گے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دیگر نے آج یوم کشمیر و فلسطین منانے کی اپیل کی ہے۔

کراچی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد یوم القدس کی مناسبت سے ریلی کیپری سے تبت سینٹر تک نکالی جائے گی جب کہ ٹریفک پولیس نے متبادل روٹ بھی جاری کردیے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کیپری سینما سے بمبینو سینما جانے اور آنے والی سڑک ٹریفک کےلیے بند رہےگی، تین ہٹی سے آنے والی ٹریفک کو سولجر بازار یا پیپلز چورنگی کوموڑا جائے گا اور لسبیلہ سے آنے والی ٹریفک کو پیپلز چورنگی بھیجا جائے گا۔

اسی طرح پریڈی اسٹریٹ سے تبت سینٹر جانے والی ٹریفک کو کوری ڈور تھری موڑا جائے گا، فریکسو چوک سے تبت سینٹر جانے والی ٹریفک کو جوبلی کی طرف موڑا جائے گا،  لکی اسٹار سے آنے والی ٹریفک کو کوری ڈور تھری موڑا جائے گا۔

پشاور پولیس کے مطابق جمعۃ الوداع پر خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے شہر کی 500 کے قریب مساجد کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

جمعۃ الوداع پر مساجد کی سیکیورٹی کے لئے 2 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات ہیں، پولیس موبائل اور رائیڈرز اسکواڈ گشت میں اضافہ کر دیا گیا جب کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

پشاور پولیس کے مطابق تمام حساس ترین اور حساس مساجد میں سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے اور تمام ڈویژنل ایس پیز کو مساجد کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری