امام خمینی (رہ) جیسی نابغہ روزگار شخصیتیں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں، علامہ ساجد علی نقوی


امام خمینی (رہ) جیسی نابغہ روزگار شخصیتیں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں، علامہ ساجد علی نقوی

شیعہ علماءکونسل کے رہنما علامہ ساجد علی نقوی نے امام خمینی کی برسی پر پیغام میں کہا کہ امام خمینی (رہ) جیسی نابغہ روزگار شخصیتیں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کی 30 ویں برسی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ  حضرت امام خمینی (رہ) ایک اعلیٰ فقیہ، عظیم مجتہد، جید مذہبی رہنما اور شخصیت نہیں بلکہ قابل تقلید سیاسی قائد، مثبت اور تعمیری سیاست کے بانی، عالمی استعماری سازشوں کو بے نقاب کرنے والے، مسلمانوں کو اپنے نظریات اور عمل کے ذریعے وحدت کی لڑی میں پرونے والے، عالم اسلام کو اس کے حقیقی مسائل کی طرف متوجہ کرنے والے، امت مسلمہ کو اس کے داخلی اور خارجی دشمنوں کے چہرے شناخت کرانے والے اور دنیا کو اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر میدان میں ارتقاء کے مراحل طے کرنے کی مثال پیش کرنے والے عظیم انسان تھے، یہی وجہ ہے کہ انقلاب اسلامی کی جدوجہد میں امام خمینی (رہ) نے طویل جلاوطنی کے باوجود ایران کے عوام کی تربیت اور رہنمائی اس انداز میں کی کہ وہ پرامن اور شعوری تحریک کے ذریعے کامیاب ہوئے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) اس صدی کے عظیم مفکر اور اسلامی معاشرے کی برجستہ علمی و انقلابی شخصیت ہیں، جنہوں نے علم و شعور اور عمل و کردار کے ذریعے مسلمانوں کی صحیح خطوط پر رہنمائی کرکے پیغمبرانہ فریضہ انجام دیا اور عوام کو اسلامی انقلاب کے ذریعے اسلام کی صحیح اور آئیڈیل تصویر دکھائی، جس کے اثرات آج بھی عالم اسلام میں بالعموم اور مملکت ایران پر بالخصوص نظر آتے ہیں، امام خمینی (رہ) جیسی نابغہ روزگار شخصیتیں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں، امام خمینی (رہ) دنیائے اسلام کی ایسی معتبر شخصیت ہیں، جو علمی اور تحقیقی میدان میں سرکردہ حیثیت کے حامل ہیں اور سیاسی و عملی میدان میں بھی رہبری و رہنمائی کا عملی و مثالی نمونہ ہیں، ایسی ہمہ جہت شخصیات ہی وقت کا دھارا اور عوام کی تقدیر بدلتی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری