آصف زرداری کی گرفتاری کیلئے نیب کی ٹیم زرداری ہاؤس پہنچ گئی


آصف زرداری کی گرفتاری کیلئے نیب کی ٹیم زرداری ہاؤس پہنچ گئی

قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ ’زرداری ہاؤس‘ ہپنچ گئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آصف علی زرداری اور ان کی بہن کورٹ کے فیصلے سے قبل ہی احاطہ عدالت سے چلے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سابق صدر کی گرفتاری کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دی تھیں جن میں سے ایک زرداری ہاؤس جبکہ ایک پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی۔

 واضح رہے کہ کچھ دیر قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ’آج سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تفصیلی عدالتی فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا پیغام سناتے ہوئے کہا کہ ’جیالے مشتعل نہ ہوں، نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔‘

ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پارٹی رہنما اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کا کہنا تھا کہ نیب کی اس کارروائی سے حکومتی ناکامیاں نہیں چھپ سکتیں۔

دوسری طرف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عدالتی فیصلے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پتہ نہیں نیب کو آصف علی زرداری کی گرفتاری کی ضرورت کیوں پیش آئی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری باقاعدگی سے نیب میں پیش ہوتے رہے اور وہ نیب کے سوالات کا جواب بھی دیتے رہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری