بھارت نے سکھ یاتریوں کو جوڑ میلا میں شرکت کرنے سے منع کردیا


بھارت نے سکھ یاتریوں کو جوڑ میلا میں شرکت کرنے سے منع کردیا

بھارتی حکومت نے پاکستان سے سکھ یاتریوں کو جوڑ میلا میں شرکت کے لیے لینے آنے والی ٹرین کو مسافروں کو لے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس کے خلاف بڑی تعداد میں سکھوں نے اٹاری ریلوے اسٹیشن پر بھارتی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

سکھوں کے مذہبی پیشوا گرو ارجن دیو کی برسی کے موقع پر ہر سال جوڑ میلا منعقد کیا جاتا ہے جس میں شرکت کے خواہشمند سکھ یاتری ویزا اور سفری دستاویزات کے ساتھ اٹاری ریلوے اسٹیشن پر پھنسے رہے جہاں انہیں خصوصی ٹرین نے لینے کےلیے آنا تھا۔

اس حوالے سے سے گفتگو کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’یہ بڑی مایوس کن بات ہے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر وہی رویہ اپنایا جیسا اس نے 2017 میں اپنایا تھا‘۔

حکام کے مطابق جمعے کے روز خصوصی ٹرین صبح 9 بجے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر 146 سکھ یاتریوں کو لینے پہنچی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری انتظامیہ نے بھارتی ہم منصب سے بارہا بات چیت کی تا کہ ٹرین کو ان کی ریاستی حدود میں داخل ہو کر یاتریوں کو لاہور لانے کی اجازت مل سکے جہاں سے وہ 10 روزہ جوڑ میلے میں شرکت کے لیے جاسکیں۔

تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ تقریباً 12 بج کر 40 منٹ پر بھارتی حکام نے بالآخر یاتریوں کو لینے جانے والی ٹرین کو داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سینئر عہدیداران، سکھ تنظیم پاکستان گردوارا پربھانک کمیٹی کے عہدیداران اور مقامی انتطامیہ واہگہ بارڈر پر یاتریوں کے خیر مقدم کے لیے موجود تھے لیکن بھارت نے یاتریوں کو زبردستی اٹاری ریلوے اسٹیشن پر روک دیا۔

ڈان اخبار کے نمائندے کو اس ضمن میں نام نہ ظاہر کرنے کی درخواست پر ایک عہدیدار نے بتایا کہ تقریباً 8 یاتری اٹاری سے پیدل چل کو پاکستان پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

خیال رہے کہ نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن نے 200 بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے ویزا جاری کیے تھے۔

دونوں ممالک کے مابین ہوئے 2 طرفہ سمجھوتے کے تحت پاکستان اس تقریب میں شرکت کے لیے 500 یاتریوں کو ویزے جاری کرسکتا ہے گزشتہ برس تقریباً 50 افراد اس میلے میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔

2017 میں بھی بھارت نے پاکستان کی جانب سے 80 یاتریوں کو لینے کے لیے جانے والی خصوصی ٹرین کو اجازت دینے سے انکار کیا لیکن اس ک باوجود 14 یاتری جن کے پاس پاکستانی ویزا تھا پیدل چل کر اٹاری سے واہگہ پہنچے تھے۔

اسی طرح بھارتی حکومت نے 2017 میں ہی تقریباً 300 سکھ شہریوں کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے جانے سے روک دیا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری