مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب


مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب

وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 17 جون کو طلب کرلیا، اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 17 جون کو ہوگا۔

اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ اور وفاقی کابینہ کے بعض ارکان شریک ہوں گے۔ اجلاس میں 2016 اور2017 کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

مشترکہ کونسل کے اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے مختلف معاملات پربھی غور ہوگا، ای او بی آئی اورورکرز ویلفیئر فنڈ صوبوں کی منتقلی پرکمیٹی کی رپورٹ زیربحث آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کےاجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں پرعمل کا جائزہ لیا جائے گا اور اہم قومی معاملات پر بھی بات کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں ، ترجمانوں کا اجلاس آج بنی گالہ میں ہوگا۔ اجلاس میں سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوگی۔

اکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان موجودہ صورت حال میں پارٹی بیانیے سے متعلق آگاہ کریں گے، وفاق، پنجاب میں بجٹ سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری