پاکستان کو اب ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ نہیں کیا جا سکتا: گورنر پنجاب


پاکستان کو اب ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ نہیں کیا جا سکتا: گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو اب ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ نہیں کیا جا سکتا۔

تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں اب پاکستان کو بلیک لسٹ کرنا ممکن نہیں ہے۔

چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ایسا وزیر اعظم عمران خان کی بہترین سفارتی مہارت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

گورنر پنجاب نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ ملایشیا نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کا سہرا وزیر اعظم کی مثالی سفارت کاری کے سر ہے۔

چوہدری سرور نے مزید کہا کہ ملایشیا کا ساتھ ہمارے دشمنوں کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو گزشتہ برس جون میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں اس وقت شامل کیا گیا تھا جب پاکستان اس عالمی ادارے کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق مطمئن نہ کر سکا تھا۔

اس سے قبل پاکستان 2012 تا 2015 تک گرے لسٹ کا حصہ رہ چکا ہے۔

گزشتہ سال پیرس میں منعقدہ اجلاس میں امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں نے پاکستان کا نام واچ لسٹ میں شامل کرنے کی قرارداد پیش کی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری