رانا ثنااللہ کی گرفتاری؛ اپوزیشن اور حکومت نے اجلاس طلب کر لئے


رانا ثنااللہ کی گرفتاری؛ اپوزیشن اور حکومت نے اجلاس طلب کر لئے

رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے بعد شہباز شریف نے ن لیگ کا، جبکہ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت (ن) لیگ کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگی رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر ن لیگ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔ اجلاس کی صدارت پارٹی صدر شہبازشریف کریں گے جس میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اسی سلسلے میں لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال لاہور کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کاجائزہ اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائےگا۔

اسی طرح دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج ہوگا۔ ذرائع کے مطابق دیگر چند نکات کے ساتھ ساتھ اجلاس میں رانا ثنااللہ کی گرفتاری پربھی بات ہوگی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم ہائوس میں عمران خان اور جنرل باجوہ کی ایک اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی اور امن و امان کے ایجنڈے پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے انسداد منشیات فورس نے موٹر وے پر سکھیکی کے مقم پر حراست میں لیا گیا تھا۔ ترجمان اے این ایف ریاض سومرو نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی گاڑی سے 15کلو اعلیٰ معیار کی ہیروئن بر آمد ہوئی ہے۔ جسے کار کے مختلف حصوں میں چھپایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ کو آج ضلعی کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ضلع کچہری کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع کچہری کے اطراف میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہے۔ متعلقہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پولیس حکام نے ضلع کچہری کے باہر خاردار تاریں بھی لگا دی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری