گھر کے شیر مانچسٹر میں ڈھیر، سیمی فائنل میں بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست


گھر کے شیر مانچسٹر میں ڈھیر، سیمی فائنل میں بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست

کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ بھارت کو 18 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

نیوزی لینڈ نے حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا اور بھارت کو گھر کی راہ دکھا دی۔

نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 239 رنز بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کے پیس اٹیک نے ٹورنامنٹ میں پہلی بار بھارتی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کیلئے مشکلات پیدا کیں اوربیٹنگ لائن کی کمرتوڑ دی۔

رویندرا جڈیجا اور آخری ورلڈ کپ کھیلنے والے مہندر سنگھ دھونی نے مزاحمت کی لیکن بھارتی ٹیم تین گیندیں پہلے مایوس کن انداز میں 221 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے بعد ویرات کوہلی نے صحافیوں کو بتایا کہ 'ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی، اس لیے صرف 45 منٹ کی بری کرکٹ کی وجہ سے میگا ایونٹ سے باہر ہوجانا افسوس کی بات ہے۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ 'نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت زیادہ شاباشی کی حقدار ہے کیونکہ انہوں نے بھرپور انداز میں یہ دکھایا کہ نئی بال سے کیسے باؤلنگ کی جاتی ہے، انہوں نے بہترین لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کی اور ہمیں غلطیاں کرنے پر مجبور کیا۔''

یاد رہے کہ لیگ اسٹیج میں پاکستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی اور اس کا سیمی فائنل میں مقابلہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی بھارتی ٹیم سے ہوا تھا۔

یاد رہے کہ اگر انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا تو پاکستان سے ہارنے والی دونوں ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری