دوسرے سیمی فائنل میں بھی اپ سیٹ؛ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست


دوسرے سیمی فائنل میں بھی اپ سیٹ؛ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھی اپ سیٹ ہو گیا اور میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں اس وقت اپ سیٹ ہو گیا جب میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر 1992 کے بعد 2019 میں فائنل میں جگہ بنالی۔

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 224 رنز کا ہد ف دیا جو اس نے 32.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

 

تفصیلات کے مطابق ایجبسٹن برمنگھم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو صرف 4 کے مجموعی سکور پر ہی کپتان ایرون فنچ کوئی سکور بنائے بغیر ہی جوفرا آرچر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ مجموعی سکور میں 6 رنز کے اضافے کے بعد ہی ڈیوڈ وارنر بھی 9 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 14 کے مجموعی سکور پر گری اور پیٹرہینڈزکومب بھی 4 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ سابق کپتان سٹیو سمتھ اور ایلکس کیری نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 117 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر ایلکس کیری بھی 46 رنز بنا کر عادل راشد کی گیند پر جیمز وینس کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف ایک سکور کے اضافے کے بعد مارکوس سٹوئنس بھی بغیر کوئی سکور بنائے عادل راشد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

آسٹریلیا کے سٹونٹیز بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے جبکہ میکسول 22، کیومنز 6،سٹارک 29،بیرنڈوف 1اور سٹیون سمتھ 85سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے ووکس اور راشد نے 3,3جبکہ آرچر نے 2وکٹیں حاصل کیں ۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے کیا، دونوں جارحانہ بلے بازوں نے شروع میں محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم بعد میں سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا۔ اس دوران جیسن روئے نے کینگروز باولرز کی خوب دھنائی کی۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 124 رنز پر گری، جونی بیرسٹو 34 سکور بنا کر فاسٹ باولر مچل سٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبییو ہو گئے۔ میزبان ٹیم کو دوسرا نقصان جیسن روئے کی صورت میں اٹھانا پڑا جب بیٹسمین جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 گیندوں پر 85 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کی اس اننگز میں 9 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ جوئے روٹ نے 49 سکور کی باری کھیلی، مورگن نے 40 رنز بنائے۔ سٹارک اور کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

 

انگلینڈ اس سے قبل 1979، 1987، 1992 کے فائنل کھیل چکا ہے تاہم ہر بار فیصلہ کن مرحلے میں ناکام رہا۔ کیویز اور کرکٹ کے بانی ملک کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ٹائٹل کے حصول کیلئے 14 جولائی کو ٹکرائیں گی۔

واضح رہے کہ برطانیہ اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ٹیمیں لیگ میچز میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کھا چکی ہیں۔ نیز یہ دونوں ممالک اب تک کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت سکے ہیں لہذا اس بار دنیائے کرکٹ کو نیا ورلڈ چیمپئن ملے گا۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری