سپین: بارسلونا بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا + تصاویر


سپین: بارسلونا بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا + تصاویر

سپین کے معروف شہر بارسلونا میں یوم شہدائے کشمیر کے موقع پرمظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ایک پرامن ریلی نکالی گئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر بارسلونا مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ایک پرامن ریلی نکالی گئی جس میں حصہ لینے والوں نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگا کرمقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کیا۔
شرکاء ریلی نے تین کلومیٹر تک مارچ کیا اور ایک ملین دستخطی مہم کے لیے کیمپ بھی لگایا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اس بڑی ریلی کی قیادت کی جس کا اہتمام سپین میں مقیم کشمیری رہنماء راجہ مختارسونی کی تنظیم ندائے کشمیرنے کیا۔ 
ریلی میں وزیرصحت آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی، کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، بلجیم سے سینئرکشمیری رہنما سردار صدیق خان، ڈی جی کشمیرلبریشن سیل فدا حسین کیانی، سیکرٹری سیل منصور قادر ڈار، سماجی شخصیت امتیاز عاکیا، فرانس سے کشمیری رہنماء نعیم چوہدری، سپین کی سماجی شخصیت حافظ عبدالرزاق کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 
ریلی سے قبل کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام کشمیریوں کی حمایت میں جاری ایک ملین دستخطی مہم کے سلسلے میں بارسلونا کے مرکزی علاقے میں ایک کیمپ لگایا گیا جس کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے دستخط کرکے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی۔
یاد رہے کہ یورپ میں کشمیرکونسل ای یوکی طرف سے مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ایک ملین دستخطی مہم ایک عرصے سے جاری ہے۔ اب تک اس مہم کے دوران جس کا آغاز چند سال قبل بلجیم سے ہوا تھا، یورپ کے متعدد ممالک میں لوگوں سے کشمیریوں کی حمایت میں دستخط لئے گئے ہیں۔ 
اس مہم کو یورپی ممالک میں متعدد مقامی این جی اوز اور سماجی کارکنوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔
دریں اثناء کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام یوم شہدائے کشمیرکے حوالے سے بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں کشمیرکونسل ای یو کے سینئر رہنماء چوہدری خالد محمود جوشی کی صدارت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مقررین نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ وادی میں بے گناہ لوگوں کا ماورائے عدالت قتل عام، نوجوانوں اور سیاسی رہنماؤں کی بلاوجہ گرفتاریاں اوربے جا گھرگھرتلاشی جیسے بہیمانہ اقدامات جاری ہیں۔
انھوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے درخواست کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوائیں اورمسئلہ کشمیرکے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ایک پرامن حل کے لیے اقدامات کریں۔
خیال رہے کہ بارسلونا میں کشمیر کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی ریلی تھی جس میں کثیرتعداد میں کمیونٹی کے لوگوں نے شرکت کی جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری