عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ عہدے سے مستعفی


عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ عہدے سے مستعفی

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹین لیگارڈ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی ہیں جبکہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے کرسٹین لیگارڈ کا استعفیٰ منظور بھی کرلیا۔
کرسٹین لیگارڈ 2011 سے آئی ایم ایف کے سربراہ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی تھیں، اب آئی ایم ایف بورڈ نیا سربراہ تلاش کرے گا۔
آئی ایم ایف کے نئے ایم ڈی کی تقرری تک عبوری مدت کے دوران ڈیوڈ لپٹن آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کرسٹین لیگارڈ کی رہنمائی میں آئی ایم ایف نے اپنے ممبر ممالک کو عالمی مالیاتی چیلنجز اور اس کے بعد کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھرپور کامیابی کے ساتھ معاونت فراہم کی ہیں۔
آئی ایم ایف اعلامیہ میں ایم ڈی کرسٹین لیگارڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرسٹین لیگارڈ نے ادارے کے لے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں، ان کی ادارے کے لیے خدمات و کامیابیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ کرسٹین لیگارڈ 12 ستمبر کو اپنا عہدہ چھوڑ دیں گی۔۔
خیال رہے کہ کرسٹین لیگارڈ کا نام یورپین سینٹرل بینک کی صدارت کے امیدواروں میں شامل ہے اگر وہ یورپین سینٹرل بینک کی صدر منتخب ہوئیں تو وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری