عمران خان کمرشل فلائٹ سے امریکی دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے


عمران خان کمرشل فلائٹ سے امریکی دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے

پاکستان کی تاریخ میں عمران خان وہ پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں جنہوں نے کمرشل پرواز کے ذریعے امریکا کا دورہ کر کے سادگی کی ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے لئے کمرشل پرواز کا انتخاب کر کے سادگی کی ایک عظیم مثال قائم کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان امریکا پہنچ گئے ہیں۔ کل وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرینگے جبکہ آج ورلڈ بینک کے صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ وزیراعظم سمیت پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دینگے جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقاتوں کے دو دور بھی ہونگے۔ عمران خان پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرینگے جبکہ امریکی میڈیا سے گفتگو بھی کرینگے۔

امریکی دورہ میں مختلف کمپنیوں کے سربراہان اور کارپوریٹ لیڈرز کے ساتھ ڈنر بھی طے ہیں۔ وزیراعظم 23 جولائی کو امریکی ادارہ برائے امن سے خطاب کریں گے۔ وہ پاکستان کانگریشنل کاکس کے ارکان سے بھی ملیں گے۔

اپنے دورے میں وزیراعظم عمران خان سپیکر ایوان نمائندگان نینسی پلوسی سمیت اہم سیاسی رہنماوں سے بھی ملاقات کرینگے۔

وزیراعظم عمران خان دورہ امریکہ کے لئے کمرشل فلائٹ سے واشنگٹن کے لیے روانہ ہوئے تھے اور واشنگٹن جاتے ہوئے دوحا ائرپورٹ پر کچھ دیر کیلئے قیام کیا جہاں قطر ائر ویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اکبرالبا نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ سابق حکمران قومی خزانے سے پرتعیش دورے کرتے رہے لیکن ان سے ایک ایک پیسے کا حساب لیا جائے گا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری