رانا ثناء اللہ کی گاڑی کے بعد ن لیگ کی سابق رکن اسمبلی کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد


رانا ثناء اللہ کی گاڑی کے بعد ن لیگ کی سابق رکن اسمبلی کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد

رانا ثناءاللہ کی گاڑی کے بعد ن لیگ کی سابق رکن اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ن لیگ کی سابق خاتون رکن اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی کے گھر سے 4 من چرس برآمد کرتے ہوئے ان کے بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے بہاولپور میں مسلم لیگ (ن) کی سابق خاتون رکن اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی کے گھر پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران گھر سے 4 من چرس برآمد ہوئی۔ اے این ایف اہلکاروں نے فوزیہ ایوب کے بیٹے طیب ایوب کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے بہاولپور سے ہی ن لیگ کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اسلم رند کے بیٹے عدیل اسلم کو بھی گرفتار کرلیا۔ اے این ایف نے دونوں ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو یوں تو مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کو منشیات اسمگلنگ جیسے سنگین معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم اس گرفتاری کے بعد وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے معاملہ منشیات برآمدگی سے بھی سنگین بنا دیا۔ ان کا دعوی ہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں۔
ابھی وزیر اطلاعات پنجاب کے بیان کی بازگشت تھمی نہ تھی کہ مقتول گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی صاحب زادی نے واشگاف الفاظ میں رانا ثناء اللہ کو اپنے والد کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرا دیا اور ساتھ ہی پنجاب پولیس کے سابق اہلکار فرخ وحید کا ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آ گیا۔ پنجاب پولیس کے سابق ایس ایح او نے اپنے ویڈیو بیان میں دعوی کیا ہے کہ ان کے پاس رانا ثناء اللہ کے خلاف قتل کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔
دوسری جانب وزیر مملکت سرحدی امور و اینٹی نارکوٹکس شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے، رانا ثناءاللہ کے خلاف تمام ثبوت موجود ہیں، کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری