حافظ سعید کے مستقبل کا فیصلہ ہماری آزاد عدلیہ کرے گی، وزیراعظم عمران خان


حافظ سعید کے مستقبل کا فیصلہ ہماری آزاد عدلیہ کرے گی، وزیراعظم عمران خان

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ حافظ سعید کے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کی آزاد عدلیہ نے کرنا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکن انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں وزیراعظم سے کالعدم جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید کے حوالے سے امریکی تحفظات کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو عمران خان نے کہا کہ امریکا کی طرح ہمارے پاس بھی آزاد عدلیہ ہے اور وہی ان کا فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہماری حکومت کسی مسلح تنظیم کو ملک میں آپریٹ نہیں کرنے دے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ پاکستان کے مفاد میں ہے کہ ہم کسی بھی مسلح تنظیم کو آپریٹ کرنے نہ دیں کیونکہ اس کی وجہ سے ہم نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی وزارت داخلہ نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو 21 فروری 2019 کو کالعدم قرار دیا تھا۔ دونوں تنظیموں کے زیر انتظام سندھ میں چلنے والے مدارس اور فلاحی ادارے بھی صوبائی حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیے تھے۔
اسی طرح قریبا 3 ہفتے قبل کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ (جے یو ڈبلیو) کے سربراہ حافظ سعید اور نائب امیر عبدالرحمٰن مکی سمیت 12 رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے 2 درجن سے زائد مقدمات درج کئے گئے تھے۔
جماعت الدعوہ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی نے پنجاب کے 5 بڑے اور اہم شہروں لاہور، گجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا میں موجود پولیس اسٹیشنز میں درج کئے گئے تھے۔
لہذا پچھلے ہفتے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گوجرانوالہ جاتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا
خیال رہے کہ امریکا اور بھارت کے مطابق حافظ سعید 2008 کے ممبئی حملوں کے مرکزی کردار تھے، تاہم پاکستان نے اس موقف کی ہمیشہ تردید کی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری