کلبھوشن پارٹ 2؟؟ گوجرانوالہ سے بھارتی شہری گرفتار


کلبھوشن پارٹ 2؟؟ گوجرانوالہ سے بھارتی شہری گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 10 سال سے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم ایک بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک بھارتی شہری پنچم تیواری کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عامر نواز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم پنچم تیواری 10 سال قبل غیرقانونی طور پر پاکستان آیا تھا۔
ملزم نے ایک پاکستانی دوست کی مدد سے نہ صرف بلال کے نام سے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوایا بلکہ پاکستانی لڑکی سے شادی بھی کر رکھی تھی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پنچم تیواری بھارت کے علاقہ بنارس کا رہائشی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ ملزم کی 2009 میں گوجرانوالہ کے رہائشی کامران سے دبئی میں دوستی ہوئی تھی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں، مقدمے میں کامران سمیت پاکستان میں اس کی معاونت کرنے والے 5 افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
گرفتار بھارتی شہری نے مؤقف اختیار کیا کہ 2009 میں پاکستانی شہری کامران کے ساتھ دبئی میں کاروبار کیا، کامران سے متاثر ہو کر ہندو مذہب چھوڑا اور اسلام قبول کر لیا۔ مذہب کی تبدیلی کے باعث واپس بھارت جانے سے ڈرتا تھا۔
پنچم تیواری کا کہنا تھا کہ کامران نے ہی اسے پاکستان رہنے اور بہن سے شادی کی پیشکش کی، جسے اس نے قبول کر لیا اور انسانی اسمگلرز کی مدد سے سمندری راستے سے کراچی پہنچ گیا۔
ایف آئی اے نے زیر حراست بھارتی شہری پنچم تیواری کا عدالت سے 5 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عامر نواز کا کہنا ہے کہ ریمانڈ پورا ہونے پر ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کریں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری